نوجوانوں کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے؛ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

11

اسلام آباد،8فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے  کہ نوجوانوں کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے، فاشسٹ مودی حکومت نے بھارتی غاصبانہ قبضے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر مسلسل ظلم جاری رکھا ہوا  ہےاور  مجرمانہ طریقوں سے ڈیموگرافی بھی تبدیل کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  بدھ کو نیشنل آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تصویری نمائش کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لئے ایک مہم کا انعقاد کیا۔ انہوں نے خاص طور پر کشمیر کاز کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرنے پر این سی اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کے انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کا وعدے پورا کریں گے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اقوام متحدہ  کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق آزادی دلائے اور اس تنازعہ کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد از جلد  حل کرائے۔انہوں نے نمائش میں موجود فن پاروں کی تعریف کی اور اس نمائش کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ تصویری نمائش  مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر  بھارتی  فوج کی بربریت  او ربھارتی  ظلم و ستم ساری دنیا کے سامنے لانے کا  اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی  ریاستی جبر اور مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں کو دنیا بھر کے سامنے بےنقاب کرنا ہی اصل مقصد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ  ہم مقبوضہ وادی کو ایک سب جیل  میں تبدیل کئے جانے اور  پچھلی  سات دہائیوں سے بھارتی دہشت گردی  اور کشمیریوں کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ آرٹ کا کشمیری عوام کی جدوجہد کے اظہار میں اہم کردار ہے کیونکہ آرٹ مسئلہ کشمیر کے کرب اور المیوں کو بیان کر کے ہر کسی کے دلوں تک پہنچا سکتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ این سی اے کا دل میں ایک خاص مقام ہے اور وہ ہمیشہ انکی تقاریب کا حصہ بن کر حوصلہ افزائی اور اعزاز محسوس کرتی ہیں۔

 وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے وفاقی وزیر تعلیم   و پیشہ وارانہ رانا تنویر اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک کا استقبال کیا۔