ملتان ؛ واسا کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف خصوصی ریکوری مہم شروع

17

ملتان، 08 فروری )اےپی پی ): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر واسا کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے واسا کے دیرینہ نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف خصوصی ریکوری مہم کا سلسلہ جاری ہے اور ڈیفالٹرز کے خلاف بلا امتیازکارروائی کی جارہی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے تمام ریکوری افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام نادہندگان خصوصاًکمرشل ڈیفالٹرزکے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور ان سے سو فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد کی نگرانی میں سپیشل ڈسکنکشن ٹیمیں پولیس فورس کے ہمراہ ڈیفالٹرز کے خلاف متحرک ہیں ۔

 شہر بھر میں 15 سرکل انچارج نے سیوریج اور واٹر سپلائی کے بل ادا نہ کرنے والے اور غیر قانونی کنکشنز کے حامل گھریلو اور کمرشل صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 107 کنکشنز منقطع کیے ۔اس موقع پر نادہندگان کوڈیڈ لائن دی گئی کہ وہ اپنے ذمہ واسابلوں کی مد میں واجبات کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائیں اور اپنے سیوریج،واٹر سپلائی کو ریگولر کروائیں بصورت دیگر ان کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔