ملتان،08 فروری(اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب مقصود الحسن نے اردل روم کا انعقاد کیا،ڈی جی خان ریجن کے پولیس ملازمین کی محکمانہ سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی، احکامات سنائے اور ملازمان کو عوام الناس کی بھلائی اور انکے جان و مال کے تحفظ کے لیے محنت، ایمانداری و جانفشانی سے ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت کی اور انہوں نے ملازمین کے مسائل بھی سنے اور کہا کہ کوئی بھی پولیس افسر، ملازم محکمانہ یا ذاتی کام کے سلسلے میں کسی بھی وقت پیش ہو سکتا ہے ،دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ عوام الناس کی خدمت اور پولیس ملازمین کی بہبود اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دفتری سٹاف کو ہدایت کی کہ محکمانہ اپیلوں پر بروقت سماعت کے لیے ڈاکیومینٹیشن کا عمل فوری مکمل کیا جائے اور تمام توانائیاں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے صرف کی جائیں تاکہ ہر حقدار کو انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کی ہدایت پر اے آئی جی آپریشنز کی زیر نگرانی پی ایس ایل میچز سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے جنوبی پنجاب پولیس آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا تاکہ سیکیورٹی سے متعلق تمام معاملات کی مانیٹرنگ اور حالات کی بروقت اطلاع اعلیٰ افسران تک پہنچائی جا سکے۔
ایڈیشنل آئی جی نے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا اور اے آئی جی انوسٹیگیشن رب نواز تلہ کو میچ ڈیوٹی کے لیے تعینات کردیا انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر سے نمٹنے کے لیے پولیس نے اضافی انتظامات، ایونٹ کے پر امن انعقاد اور کھلاڑیوں کے گزرنے کیلئے 3 روٹس منتخب کیے ہیں سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی راستہ سے ٹیموں کو گزارا اور عوام الناس کی آمدورفت کے لیے متبادل راستہ کھلا رکھا جائے گا۔











