احمدپورشرقیہ،09 فروری(اےپی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام جیپ ریلی کی تقریبات کے سلسلے میں پتلی تماشہ فیسٹول کا اہتمام کیا گیا۔ فیسٹول میں اہلیہ کمشنر مسز شازیہ ارم مہمان خصوصی تھیں جبکہ سابق مشیر گورنر پنجاب نواب زادی سائرہ عباسی مہمان اعزاز تھیں۔
پتلی تماشہ فیسٹول میں ڈزنی لینڈ پپٹ گروپ، پاکستان پپٹ گروپ، بہاول پور پپٹ تھیٹر اور آئیڈیل پپٹ گروپ نے پرفارم کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اہلیہ کمشنر مسز شازیہ ارم کا کہنا تھا کہ بچوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ تربیت فراہم کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ بچوں کو سوشل میڈیا سے نکال کر صحت مند تفریح مہیاکریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پپٹ فیسٹول کے ذریعہ بچوں کی مثبت انداز میں تربیت کی گئی۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل کا مقصد تمام عمر کے افراد کو صاف ستھری تفریح مہیا کرناہے۔
پتلی تماشہ فیسٹول سے فنکاروں، اساتذہ اور بچوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔











