احمدپورشرقیہ ،13فروری (اےپی پی): ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت پیر کو یہاں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ میعاد میں مکمل کی جائیں اور متعلقہ افسران ترقیاتی سکیموں کی موقع پر جا کر مانیٹرنگ کریں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام2022-2023کے تحت 128 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔رواں مالی سال8462.401ملین روپے جاری کیے گئے جن میں سے اب تک6534ملین روپے سے زائد کے فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں نئی32 سکیمیں شروع کی گئی ہیں اور ان سکیموں کے لیے595.291ملین روپے کے فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے اب تک481 ملین روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز استعمال کیے جا چکے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے مزید بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام2022-2023کے تحت58 نئے شامل کیے گئے منصوبوں کے1420.077ملین روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے۔ان سکیموں پر اب تک1176.911ملین روپے کے فنڈز استعمال کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھر سمیت ایکسیئن ہائی ویز انجینئر فرخ ممتاز، ایم ایس کارڈیک سنٹرڈاکٹر احسن فردوس،ایکسیئن بلڈنگ، پبلک ہیلتھ، سکول ایجوکیشن، کالجز، اسلامیہ یونیورسٹی، سوشل ویلفیئر، فوڈ، لیبر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجودتھے۔











