اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی انسانی حقوق کمیشن  کے جنرل سیکرٹری و سفیر  ملک ندیم عابد کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

35

سیالکوٹ،9مارچ(اے پی پی): اقوام متحدہ میں تعینات پاکستانی انسانی حقوق کمیشن  کے جنرل سیکرٹری و سفیر  ملک ندیم عابد  اور پروفیسر ظفر اقبال سندھو نے  سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کا دورہ کیا۔سینئر نائب صدر  وہب جہانگیر،  نائب صدر عامر مجید شیخ  اور گروپ لیڈر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری ریاض الدین شیخ نے معزز مہمانوں کا استقبال  کیا۔

 سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  وہب جہانگیر  کی زیر صدارت  اجلاس منعقد ہوا جس میں اقوام متحدہ   میں تعینات   پاکستانی انسانی حقوق کمیشن  کے جنرل سیکرٹری و سفیر  ملک ندیم عابد  اور پروفیسر ظفر اقبال سندھو  اور مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔

 اقوام متحدہ   میں تعینات   پاکستانی انسانی حقوق کمیشن  کے جنرل سیکرٹری و سفیر  ملک ندیم عابدنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تعمیرو ترقی میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور مجھے بیرون ملک بھی یہ بات کرتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ سیالکوٹ نہ صرف اپنے لیے بلکہ پورے ملک و قوم کے لیے کثیر زرمبادلہ کما رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں سیالکوٹ کی تاجر برادری نے انتہائی اہم و موثر کردار ادا کیا ہے ، زلزلہ متاثرین کی بحالی کی بات ہو یا پھر سیلاب متاثرین کی مدد، کورونا ہو یا کوئی اور مشکل گھڑی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت ہی کی ہے جس پر سیالکوٹ کی تاجر برادری مبارکباد کی مستحق ہے۔

سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  وہب جہانگیر نے بھی اس موقع پر بات چیت کی اور بتایا کہ سیالکوٹ چیمبر کے 2000 سے زائد ممبران ہیں جو کسی نہ کسی طریقے سے ملکی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے گروپ لیڈر ریاض الدین شیخ کی جانب توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ ہویا سیالکوٹ ائیر پورٹ، میڈیکل سٹی ہو یا ائیر سیال ہر منصوبے میں ریاض الدین شیخ پیش پیش رہے اور ہم سب کی رہنمائی کرتے رہے تب جا کے یہ منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچے، اب بھی سیالکوٹ چیمبر انہی کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے اور اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

 وہب جہانگیر نے بتایا کہ اللہ کے فضل سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس پاکستان کے بڑے چیمبرز میں سے ایک ہے جو بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر رہا ہے۔