اوکاڑہ؛ موٹروے پولیس کیجانب سے روڈ سیفٹی آگاہی  تربیتی نشست کا انعقاد

30

اوکاڑہ،10مارچ(اے پی پی): نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس کے موبائل ایجوکیشن یونٹ اور ہائر سیکنڈری سکول چک نمر 40 تھری آر اوکاڑہ کے اشتراک سے روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں طلبہ اور اساتذہ کو روڈ سیفٹی  سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

اس موقع پر موبائل ایجوکیشن یونٹ انچارج ایس پی او خیام اصغر چوہان نےحادثات کی ویڈیوز دکھا کر بچاؤ سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان میں 85 فیصد ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سواری ہے۔ ان حادثات کی بڑی وجوہات میں ٹریفک قوانین سے عدم واقفیت، ڈرائیونگ کی مہارت نہ ہونا،بیک ویو مررز کا نہ ہونا یا بغیر دیکھے مڑنا،غفلت و لاپرواہی پر مبنی رویہ، تیزرفتاری، اوور لوڈنگ، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال، لٹکتے ہوئے ملبوسات کا پہئیے کی تاروں میں پھنس جانا، کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ، غیر محتاط انداز سے سڑک جوائن کرنا یا یوٹرن لینا سمیت کئی دوسرے عوامل شامل ہیں۔

انھوں نے موٹرسائیکل چلاتے وقت سیفٹی ہیلمٹ کے استعمال پر زور دیتے ہوئے طلباء کو بتایا کہ سرکی چوٹ سے سوار کو ناقابلِ تلافی جانی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

خیام اصغر چوہان نے طلبہ کو دورانِ ڈرائیونگ محتاط رویہ اختیار کرنے تلقین کرتے ہوئے  کہا کہ ایک سیکنڈ سے کم کی غفلت بھی کئی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں  نےکہا کہ روڈ سیفٹی کے اصولوں پر ناصرف خود عمل کریں بلکہ اس پیغام کو فلاح عامہ کے لیے دوسروں تک بھی پہنچائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول چک 40 تھری آر فخر حیات وٹو نے کہا کہ سڑکوں پر نظم و ضبط کسی بھی معاشرے کے مجموعی شعور اور قانون پسندی کا آئینہ دار ہوتا ہے لہذا ہم سب پر لازم ہے کہ ہمیشہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔