چنیوٹ، 11مارچ (اے پی پی): ڈی ایس پی سرکل سٹی ناصر عباس نے کہا ہے کہ تھانہ سٹی پولیس نے دربار پر ہونے والے دوہرے اندھے قتل کے ملزم کو ٹریس کرلیا ہے اور قتل میں ملوث ملزم مرز ارسلان بیگ عرف فرمان علی کو گرفتارکرلیا ہے ۔
ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کچھ دن قبل تھانہ سٹی پولیس کو دربار سائیں مالن محلہ معظم شاہ کو دو افراد کے قتل کی اطلاع ملی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وسیم ریاض خان خود موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات دیں،فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد وغیرہ اکٹھے کئے جبکہ نعشوں کا پوسٹ مارٹم بھی کروایا گیا۔
افسوس ناک واقعہ کی تحقیق و اندھے قتل کو ٹریس کرنے کیلئے ڈی ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایس ایچ او سٹی محمد افضل ایس آئی،محمد یعقوب ایس آئی،انچارج سی آئی اے نصراللہ خان اے ایس آئی اور دیگر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں،جیو فینسنگ کروائی گئی،مشتبہ گان سے پوچھ گچھ کی گئی،پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی،ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے چند دنوں میں دوہرااندھا قتل ٹریس کرکے قتل میں ملوث ملزم مرز ارسلان بیگ عرف فرمان علی کو گرفتارکرلیا۔
ڈی پی اووسیم ریاض خان نے اندھا قتل ٹریس کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی،تعریفی سرٹیفکیٹس اور انعامات دینے کا اعلان کیا۔











