نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس، 53 ارب روپے کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے انقلابی پروگرام کی منظوری

11

لاہور۔13مارچ  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پیر کے روز یہاں وزیراعلی آفس میں صوبائی کابینہ کا10 واں اجلاس منعقدہوا، اجلاس میں پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور منفرد رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ۔پنجاب کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا تاریخ ساز فیصلہ کیا۔پنجاب کابینہ نے53 ارب روپے کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے انقلابی پروگرام کی منظوری دی۔خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 60 ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کو آٹے کے تھیلے مفت دیئے جائیں گے۔ایک خاندان رمضان المبارک کے دوران شناختی کارڈ کے ذریعے 10  کلو آٹے کے3  تھیلے فری لے سکے گا۔تقریبا ایک کروڑ 58  لاکھ خاندان اور 10  کروڑ افراد مفت آٹے کے پیکیج سے مستفید ہوں گے۔مفت آٹے کے پیکیج سے تقریبا پنجاب کی 90 فیصد آبادی مستفید ہوسکے گی۔مخصوص کریانہ سٹورز،ٹرکنگ پوائنٹس اور یوٹیلٹی سٹورز پر مفت آٹا دستیاب ہوگا۔خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کا آغاز 25 شعبان سے کیاجائے گا اور یہ پیکیج 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔وزیراعلی محسن نقوی نے صوبہ بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سٹورز اور ٹرکنگ پوائنٹس مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بڑے سٹورز کو بھی مفت آٹے کی فراہمی کے لئے خصوصی کائونٹرزبنانے کا پابند کیاجائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ  نے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سافٹ ویئر  تیار کر لیاہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ڈ  گھرانے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج  لے سکیں گے جبکہ غیر  رجسٹرڈ اہل خاندان بھی فون کے ذریعے رجسٹریشن کرا  کر مفت آٹا حاصل کرسکیں گے۔کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈپی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گے۔اجلاس میں مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کی بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے سمیت صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس او رپوری انتظامی مشینری اس نیک کام کی کامیابی کے لئے فیلڈ میں موجود رہے گی۔اس پروگرام کی کامیابی کے لئے سب نے دن رات محنت کرنی ہے۔ یہ قومی ذمہ داری بھی ہے اور اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع بھی۔ سیکرٹری خوراک نے کابینہ کو خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر جمال ناصر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔