ذاتی مفادات سے بالاترہوکرقومی معاملات پرسب کو اکٹھا ہونا چاہئے۔۔سینیٹرشہزادوسیم

8

اسلام آباد۔27مارچ  (اے پی پی):سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرشہزادوسیم نے کہاکہ  ذاتی مفادات سے بالاترہوکرقومی معاملات پرسب کو اکٹھا ہونا چاہئے۔ پیرکو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ   حکومت کی تبدیلی کے بعد تحریک انصاف کے سینیٹرزپہلی بارمشترکہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں، ہمارے تمام سینیٹرز اہم قومی معاملات پربحث کرنا چاہتے ہیں اسلئے ان سب کو موقع ملنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ہائوس سپیکرکوعزیز ہوتا ہے مگرقومی اسمبلی کا ہائوس کافی عرصہ سے نامکمل ہے اس لئے میری گزارش ہے کہ آئینی طریقے سے اس ہائوس کومکمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اوراس پرآئین کے مطابق بروقت انتخابات کی بھاری ذمہ داری عائد  ہے،  سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کو انتخابات کی ہدایت کی ہے مگر23 مارچ کے دن الیکشن کمیشن نے عدلیہ کے حکم کے مطابق دی گئی تاریخ کے مطابق انتخابات سے انکارکیا اورعذرپیش کیا کہ فنڈز، سیکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے الیکشن  نہیں ہوسکتے،  انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کوانتخابات سے راہ فراراختیارنہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ  تاریخ کے کٹہرے میں ایک دن سب کوکھڑا ہونا پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعلیٰ  پنجاب کو ظلم پرقوم سے معافی مانگنی چاہئے، ہمارے ہزاروں کارکنوں کے گھروں پرچھاپے مارے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ذاتی مفادات سے بالاترہوکرقومی معاملات پرسب اکٹھے ہو جائیں، صدرمملکت کا خط اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے،سیاسی مقابلہ انتظامی نہیں سیاسی میدان میں کیا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کسی قسم کا انتشارنہیں بلکہ الیکشن چاہتی ہے،پی پی پی کوکریڈٹ جاتاہے کہ اس جماعت نے ملک کوآئین دیا جس نے ملک کواکھٹا رکھا ہے۔