پاکپتن: ساڑھے تین لاکھ سے زائدمستحق افراد میں مفت آٹا کی فراہمی کا آغاز

9

پاکپتن،19 مارچ (اے پی پی): وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی حکومت کی طرف سے  ملک کی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا آغاز ہو گیا ہے۔جس کے تحت پاکپتن کے تین لاکھ سے زائد افراد مفت آٹا حاصل کر سکیں گے۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر رمضان المبارک میں  غریب  طبقے کو ریلیف دینے کے لیے پنجاب کی حکومت  کی طرف سے ضلع پاکپتن میں  مفت آٹےکی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔

رمضان المبارک کے دوران ضلع بھر کے مستحق، غریب او رنادار تین لاکھ سے زیادہ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے دیئے جارہے ہیں ۔ ہر مستحق خاندان  کو رمضان المبارک کے دوران  دس کلوگرام آٹے کے تین تھیلے مفت دئیے جائیں گے۔ضلع پاکپتن کی دو تحصیلوں میں قائم 14 منتخب پوائنٹس پر روزانہ کی بنیاد پر بتیس ہزار  تھیلے فراہم کیئے جارہے ہیں ۔

 تحصیل پاکپتن میں سات  اور تحصیل عارف والا میں سات منتخب پوائنٹس کے ذریعے غریب افراد کو مفت آٹے کے تھیلے دئیے جارہے ہیں۔ عوام کی سہولت کے لیے پاکپتن کی ہر تحصیل میں ٹرکنگ پوانٹس بھی قائم کیئے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں پچیس  شعبان سے پچیس رمضان تک منتخب کریانہ سٹورز، ٹرکنگ پوائنٹس پر مفت آٹا دستیاب ہوگا۔