پشین؛ مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والے قصائیوں کا گوشت نیلام کردیا  گیا

19

پشین،30 مارچ  (اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر پشین ڈاکٹر یاسر بازئی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پشین بہادر خان کاکڑ نے لیویز فورس کے ہمراہ  شہر میں گراں فروش قصائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔انہوں نے مقررکردہ سرکاری نرخ نامے سے زیادہ قیمت وصول کرنے والے  قصائیوں کا گوشت قبضے میں لےکر سٹی تھانے کے سامنے سستا بازار میں نیلام کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر پشین بہادر خان کاکڑ نے  تمام دکانداروں کو ہدایت کی کہ مقدس ماہ رمضان المبارک میں سرکار کی طرف سے دیئے گئے نرخنامے کی پاسداری کریں ۔انہوں  نے  میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گراں فروشی ہر گز قابل قبول نہیں اگر کسی نے سرکاری نرخنامے سے تجاوز کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔