محکمہ زراعت پنجاب وکیبی کے مابین فوڈ سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے “پلانٹ وائز پلس پروگرام”کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط

37

لاہور ، 7اپریل(اے پی پی): محکمہ زراعت پنجاب اور سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل (کیبی) کے مابین فوڈ سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے ” پلانٹ وائز پلس پروگرام” کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے جس کی رو سے محکمہ زراعت اور سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل مل کر کام کریں گے اور پلانٹ کلینکس کے نیٹ ورک کو ڈیجیٹلائز کرکے ای۔پلانٹ کلینکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا،اس سے کاشتکارو ں کو فصلوں کی بیماریوں کی تشخیص میں آسانی ہوگی اور ملکی فوڈ سکیورٹی کے حصول میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت واصف خورشید کا کہنا  تھاکہ صوبہ پنجاب میں 2012  سے اب تک محکمہ زراعت700 پلانٹ کلینکس کے ساتھ پلانٹ وائز پروگرام چلا رہا ہے لیکن بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات،نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے ممکنہ پھیلائو کو  روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے۔ انھوں نے  کہا کہ پاکستان ان چھ ممالک میں شامل ہے جو پلانٹ وائز پلس پروگرام کے تحت فصلوں کی بیماریوں کی تشخیص و کنٹرول سے فوڈ سکیورٹی کے حصول کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت پلانٹ کلینکس کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا جس سے فصلوں پر حملہ کرنے والے کیڑوں کے کنٹرول سے متعلق بروقت آگاہی  اور ان کے تدارک کیلئے موثرحکمت عملی پر عمل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ چھوٹے کاشتکاروں کو فصلوں کے متعلق مسائل کے حل کے لئے ڈیجیٹل ایڈوائزری  ان کے موبائل فون پر جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت پنجاب میں بڑے پیمانے پر دوست کیڑوں کی افزائش کے لئے مظفرگڑھ میں کمرشل بائیو کنٹرول لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے کسانوں کو فصلوں کے ضرر رساں کیڑوں کے کنٹرول کے لئے دوست کیڑے مہیا کئے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی نے کہا کہ فصلوں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لئے جاری پلانٹ کلینکس پروگرام کو زیادہ موثر بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں اب تک4 لاکھ سے زائد کاشتکار اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ اس معاہدہ کے تحت محکمہ زراعت ڈیجیٹلائزڈ پلانٹ کلینکس کے ذریعے کاشتکاروں کو کیڑوں اور بیماریوں کے کنٹرول کے لئے  بروقت راہنمائی اورموثر اقدامات کو یقینی بنائے گا۔اس موقع پرسنئیر ریجنل ڈائریکٹر فار کیبی ایشیا ڈاکٹر بابر احسان باجوہ نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب اور کیبی کے اشتراک کے ذریعے پورے نظام کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا ئے گا جس سے فصلات پر کیڑوں و بیماریوں کے حملہ میں کمی واقع ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سینٹر فار ایگریکلچر اینڈ بائیو سائنسز انٹرنیشنل اب تکمحکمہ زراعت(توسیع) کے 1400 کارکنان کو عملی تربیت فراہم کر چکا ہے جو پلانٹ کلینکس پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر کنٹری کوآرڈینیٹر پلانٹ وائز پروگرام فار پاکستان ڈاکٹر نعیم اسلم نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ایک گیم چینچر ثابت ہو گا جس سے فصلوں کے نقصانات میں کمی اور کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے ملک میں فوڈ سیفٹی اور سکیورٹی کا حصول ممکن بنایا جا سکے گا۔