رحیم یار خان، 11 اپریل(اے پی پی): کچے میں پہلی مرتبہ ہیٹ میپ کے مطابق پولیس کا گرینڈ آپریشن تیسرے روز بھی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی جاری رہا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن ، آرپی اوز بہاولپور رائے بابر سعید اور ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان موجود تھے جبکہ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل اور ڈی پی او راجن پور مہر ناصر سیال خود کچہ ایریاز میں فورس کی کمانڈ کر رہے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق تیسرے روز جاری گرینڈ آپریشن میں پولیس کے تازہ دم دستوں کی پیش قدمی جاری رہی۔ کاروائی کے دوران مجرمان کی کمین گاہیں مسمار کرتے ہوئے نذر آتش کردیں گئیں سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل اندرون کچہ کا رقبہ سرچ آپریشن کے بعد کلیئر قرار دے دیا گیا۔ کچہ آپریشن جدید ٹیکنیکل ذرائع اور تمام تر سیکیورٹی ایجینسز کی معاونت سے تیار شدہ ہیٹ میپ کے مطابق کیا رہا ہے ، پولیس چوکیوں کو جدید آپریشنل وسائل کی فراہمی سے مزید مضبوط کیا جا رہا ہے اورپولیس ٹیموں کو چین والی اے پی سیز بھی فراہم کی جارہی ہیں ۔سندھ پولیس کے ساتھ بروقت معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے مجرمان کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے گا۔کچہ آپریشن میں سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے ۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی کچہ میں پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائیوں میں تیزی،اب تک آپریشن کے دوران 1 خطرناک ڈاکو ہلاک ، 6 گرفتار ، سینکڑوں ایکڑ رقبہ سرچ آپریشن کے بعد کلیئر کروا لیا گیا ، پولیس کی نفری جدید اسلحہ سے لیس ہے پولیس کو بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل ہے اور جوانوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کیلئے موبائل ایمبولینسز بھی فیلڈ میں موجود ہونگی اور کہا کہ کچے کے تمام علاقوں میں ریاست و قانون کی رٹ کو بحال کرتے ہوئے کریمنلز اور ملک دشمن عناصر سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا ۔











