ڈپٹی کمشنر کا پی آر سینٹر چنیوٹ پر کسانوں کو باردانہ کا اجرا ءکر کے گندم خریداری مہم کا افتتاح

19

چنیوٹ۔ 12 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے پی آر سینٹر چنیوٹ پر کسانوں کو باردانہ کا اجراء کر کے گندم خریداری مہم کا افتتاح کر دیا،اس سلسلہ میں محکمہ فوڈ کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے فیتہ کاٹ کر اور کسانوں کو باردانہ کا اجراء کر کے گندم خریداری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماجد بن احمد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر انتصار ضمیر و دیگر فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور کاشتکار نمائندگان موجود تھے، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر انتصار ضمیر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال ضلع چنیوٹ میں 50ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ٹارگٹ ہے جس کے لیے ضلع میں 5گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں تحصیل چنیوٹ میں 2،تحصیل لالیاں میں 2اور تحصیل بھوانہ میں ایک گندم خریداری مرکز شامل ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر  کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کو گندم کا بہترین ریٹ دیا گیا ہے،مقررہ مدت میں مطلوبہ ٹارگٹ پورا کیا جائے گا ، کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدا جائے گا اور انہیں انکی محنت کا پورا معاوضہ دیا جائے گا ۔