حکومت سندھ کا رمضان المبارک میں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے بچت بازاروں کا انعقاد

15

ٹنڈو محمد خان، 14 اپریل(اےپی پی):پیپلزپارٹی کے ایم پی اے  سید اعجاز شاہ بخاری، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے تاجران فیڈریشن کے تعاون سے جمعہ کے روز لگائے جانے والے رمضان بچت بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے اشیاءخردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کہ ساتھ اشیاء کے معیار کو چیک کیا۔اس موقع پر اے پی پی سے بات چیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے رمضان المبارک میں عوام کو سستی قیمتوں پر بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لیے بچت بازاروں کا انعقاد کیا ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگ اس سے بھرپور فائدہ حاصل کر سکیں اور کہا کہ حکومت سندھ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اسٹالز کا معائنہ کیا اور شہریوں سے مسائل معلوم کیے اور انہوں نے شہریوں کو تجویز دی کہ وہ بچت بازار سے خریداری کریں، بچت بازار کی قیمیتیں مارکیٹ نرخ سے کم ہیں جبکہ ان اشیاء کا معیاربھی اچھا ہے،عوام بچت بازار سے مقررہ سرکاری نرخوں سے بھی کم قیمت پر خریداری کر رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ٹنڈومحمدخان کی تاجر برادری نے کرونا سمیت ہر معاملے میں ہمیشہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈومحمدخان آفتاب بوزدار مختیارکار قاضی توقیر بیورو آف سپلائی انسپکٹر راؤمحمد علی، وسیم عباسی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔