خدمت خلق فاؤنڈیشن نے ہمیشہ بے سہارا غریب یتیم بچوں کی مدد کی ہے، چیئرمین نعمت اللہ ظہیر

90

 

پشین،17اپریل(اے پی پی): خدمت خلق فاؤنڈیشن نے ہمیشہ بے سہارا غریب یتیم بچوں کی مدد کی ہے۔بچے معصوم ہوتے ہیں،ان کی خوشی بلاشبہ اللہ تعالی کی خوشنودی ہوتی ہے،بچوں میں خوشیاں بانٹ کر جو سکون ملتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ جس گھر میں بچے نہیں ہوتے وہ گھر گھر نہیں لگتا ۔ان خیالات کا اظہار خدمت خلق فاؤنڈیشن ( انٹرنیشنل) کے چیئرمین صدارتی تمغہ امتیاز معروف سماجی شخصیت نعمت اللہ ظہیر نے پشین کے علاقے” کلی توراشاہ” میں سینکڑوں خاندانوں میں رمضان المبارک راشن اور 200 سے زائد بچوں ” جس میں مدارس کے بچے اور بچیاں ” بھی شامل تھے۔ میں عید کے جوتے اور کپڑے تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل گزشتہ تیس سالوں سے اپنی مدد آپ کے تحت خدمت میں مصروف ہے اور خصوصاً رمضان المبارک اور عیدین کے موقع پر مستحقین میں راشن کپڑے وغیرہ تقسیم کرنے کا خصوصی  اہتمام کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا۔کہ اس سال بھی خدمت خلق فاؤنڈیشن (انٹرنیشنل) کی جانب سے رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں بھی 300 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ پہلے اور دوسرے عشرے میں اب تک 600 خاندانوں میں راشن تقسیم ہوا جبکہ آخری عشرے میں اور عیدالفطر کے موقع پر 500 سے زائد خاندانوں میں راشن اور 500 مستحقین میں عید کے کپڑے تقسیم کرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔یہ عظیم کام  اہل ثروت، مخیر حضرات  اور سماجی اداروں کے بغیر ممکن نہیں ہے۔کار خیر میں ہر مسلمان کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے کہا کہ یہ سب کچھ کسی ایک  ادارے تنظیم،شخص کے بس کی بات نہیں اس عبادت کو حاصل کرنے اور اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنے کے لئے ہم سب کو آگے آنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جس طرح روزہ دار کے سامنے کھانا پینا گناہ ہے اسی طرح لاچار و بے بس غریب کے سامنے عید منانا بھی گناہ ہے جب تک ان کو بھی ان خوشیوں میں شریک نہیں کرتے انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے چھوٹے پیمانے پر بھی کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنے کا اہتمام کیا ہے کوئی بھی شخص اپنی استطاعت کے مطابق  فاؤنڈیشن کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ نمبر (03092303635) میں براہ راست امداد جمع کرا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ مدد یا امداد چھوٹا  بڑا ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔اللہ تعالیٰ نیتوں کو دیکھتا ہے کیونکہ عمل کا دارومدار نیت پر ہے۔خدمت خلق فاؤنڈیشن ہر اس انسان کو خوش آمدید کہے گی جو خدمت انسانیت میں ہمارا ساتھ دے۔