رمضان المبارک کی ستائیسویں شب، مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام

18

نوشہرہ ورکاں، 18اپریل(اے پی پی): ماہ مقدس رمضان المبارک کی ستائیسویں شب  کو شہر کی مساجد میں درس قرآن کا انعقاد کیا  گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

نوشہرہ ورکاں تحصیل آفس احاطہ  میں واقع مسلم مسجد پر برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا اور  نماز تراویح کے بعد اس بابرکت رات کی نسبت سے قرآن سنت کے حوالہ سے بیان ہوا ۔جس میں اسلام آباد فیصل مسجد سے قاری وسیم عباس نے شرکت فرما کر خوش الحان آواز میں قرآن پڑھ کر سنایا اور وسیع تر مجمع سے خطاب کے دوران مفسر قرآن واعظ خوش الحان  حضرت مولانا قاری محمد سلیمان نے اپنے مخصوص انداز میں قرآن مقدس کا پیغام انتہائی مدلل اور مفصل انداز میں بیان کیا۔

 پیغام قرآن میں بتایا گیا کہ ہماری کامیابی کا راز اللہ رب العزت کے حکموں میں ہے اور ہمیں اپنے قول و افعال کو بہتر بنا کر مالک کائنات کو راضی کرنے کی ضرورت اور ہر وقت باری تعالیٰ سے کرم اور رحم کی استدعا کے طلبگار رہنا چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ روزہ کی عبادت خالصتاً اللہ رب العزت کے لیے ہے اور جو جو مسلمان روزہ کی عبادت اور تعلیم قرآن سے مستفید ہوئے انہیں اللہ رب العزت کے فضل و کرم کا بھی متمنی رہنا چاہیے۔

نوشہرہ ورکاں اور نواحی مضافات میں بھی مساجد کے اندر رمضان المبارک کی ستائسویں رات کی فضیلت کے حوالہ سے محافل کا اہتمام کیا گیا تھا اور عرض پاک اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں۔