مظفرگڑھ؛ وزیر مملکت غلام محمد رضا ربانی کھر کا سویٹ ہوم کا دورہ، بچوں میں تحائف تقسیم کیے

4

کوٹ ادو ، 19 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے تجارت ملک غلام محمد رضا ربانی کھر نے پاکستان بیت المال سویٹ ہوم کوٹ ادو(یتیم خانہ) کا دورہ کیا اور  بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے اور انکی بیوہ ماؤں کو راشن بیگز دیئے، ایک راشن بیگ میں آٹا گھی چینی دالیں چاول چائے مصالحہ جات سویاں وغیرہ تھیں۔

 وفاقی وزیر تجارت کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید کاشف سلیم نے ادارے کے بارے میں بریفنگ دی اور سویٹ ہوم کے بچوں نے انھیں خوش آمدید کیا۔اس موقع پر ملک غلام ،محمد رضا ربانی کھر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، عید کے تحائف ملنے پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک غلام محمد رضا ربانی کھر نے کہا ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً ادارے کا دورہ کرتے رہیں گے اور جتنا ان سے بن پڑا وہ ان یتیم بچوں کے چہروں پر مستقل بنیادوں پر خوشیاں لانے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کا منصوبہ جو کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے شروع کیا تھا ایک بہترین منصوبہ ہے جہاں پر رہنے والے یتیم بچے بہترین اداروں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید کاشف سلیم نے میڈیا کے توسط سے کوٹ ادو کے مخیر حضرات سے اپیل کی اس ادارے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر چلانے میں اپنا کردار ادا کریں اور ان یتیم بچوں کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھیں۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر سٹاف کی کاوشوں بالخصوص انچارج ارم اعظم کو سراہا کہ وہ بہترین انداز میں ادارہ چلا رہی ہیں اور اس بات کا ثبوت اس ادارے میں رہنے والے بچوں کے چہروں پر خوشی سے عیاں ہے۔