ملتان،29 اپریل ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام قومی پولیو مہم کا 15 مئی سے آغاز ہوگا جس کے دوران 10 لاکھ سے زائد کم سن بچوں کو گھر گھر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے آخری دو روز خصوصی فالو اپ مہم بھی چلائی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر فیصل قیصرانی نے پولیو مہم پر بریفننگ دی ۔ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو مکمل سہولیات اور سیکورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ پولیو قطرے سے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عمر جہانگیر نے کہا کہ 4 ہزار موبائل ٹیمیں قطرے پلانے کیلئے تعینات کی گئیں ہیں جبکہ عوامی مقامات ،جنرل بس سٹینڈز سمیت ریلوے سٹیشن پر بھی ٹیمیں تعینات ہونگی۔











