صحافیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے، ناصر حسین

16

پشاور، 3مئی(اے پی پی): خیبر یونین آف جرنلسٹس نے عالمی یوم صحافت کی مناسبت سے آج پشاور پریس کلب کے سامنے ایک آگہی واک کا اہتمام کیا گیا۔

 واک پشاور پریس کلب کے باہر کی گئی جس میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین، جنرل سیکرٹری عمران یوسف زئی، سینئر صحافی بخار شاہ باچا، ضیاء الحق، بخت زادہ اور کارکن صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے صحافیوں کے تحفظ اور عالمی یوم صحافت کے حق میں نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔

یونین کے صدر ناصر حسین کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے لئے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کام کرنا مشکل ہو گیا ہے۔  ہم دیگر مسائل سے دوچار صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

یونین کے جنرل سیکرٹری عمران یوسف زئی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا بھر میں 86 صحافیوں کو قتل کیا گیا اور بدقسمتی سے ان میں زیادہ تر صحافیوں کو جنگ زدہ علاقوں سے باہر ہلاک کیا گیا۔ پاکستان میں صحافیوں کے ساتھ مختلف مسائل کے 140 کیسز ایک سال میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 2021 سے 2022 تک یہ تعداد 100 سے کم تھی۔ اس موقع پر سینئر صحافیوں بخار شاہ باچا، ضیاء الحق، بخت زادہ اور فدا خٹک نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔