گوجرانوالہ:دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اجلاس: ڈپٹی کمشنر

28

گوجرانوالہ،04مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی زیرصدارت دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کااجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کہا گیا کہ دودھ کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ قابل قبول نہیں ہے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ نئی قیمتوں کا تعین محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور فارمرز کی رپورٹس کا جائزہ لے کر آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا، نئی قیمتوں کے تعین سے قبل ملحقہ اضلاع اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موجودہ قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دودھ بنیادی اور ہر گھر کی ضرورت ہے اس میں ناجائز منافع خوری کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اسسٹنٹ کمشنرز اور فوڈ اتھارٹی کیجانب سے دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن آج سے تیز کردیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ دودھ میں پانی، کیمیکل اور  دیگر ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف آئندہ 10 روز سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور قیمتوں کے تعین میں تمام حقائق کو مد نظر رکھا جائے گا۔

 اجلاس میں اے ڈی سی جنرل، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک، ڈپٹی ڈائریکٹر ذراعت، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، کسان اتحاد، دودھ فروش اسوسی ایشن اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔