پشاور، 4 مئی، (اے پی پی): خیبر پختونخوا ایمر جنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122)کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں ورلڈ فائر فائیٹر ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آگ بجھانے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹر خطیر احمد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ فائر فائیٹرز کو دنیا بھر میں ہیروز کے نام سے جانا اور پکارا جاتا ہے اس سلسلے میں صوبے بھر کے تمام اضلاع میں خصوصی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122نے صوبے بھر میں 26ہزار 653 مختلف نوعیت کے آگ لگنے کے واقعات کے دوران اپنی جانوں کو خطر ے میں ڈال کر عوام الناس کی جان و املاک کو بچایا جبکہ گزشتہ ایک سال میں 5517 آگ بجھانے کے واقعات رونما ہوئے، ریسکیو1122 کے ادارے میں جہاں تمام شعبے قابل تعریف ہیں وہیں آگ بجھانے والے ریسکیو اہلکاروں کی یہ خاصیت رہی ہے کہ یہ اس وقت آگ کی طرف دوڑتے ہیں جس وقت سب اپنی جان بچانے کے لیے وہاں سے بھاگتے ہیں، ریسکیو1122کے پاس ہر قسم کی آگ بجھانے کے لیے عالمی معیا ر کی مشینری اور آلات موجود ہیں۔ ریسکیو 1122نے اندرون شہر کی تنگ و تاریک گلیوں میں قائم تاریخی اور لکڑی سے بنی عمارتوں میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پانے کے لیے موٹرسائیکل فائر ٹینڈر سروس اور پہاڑوں پر آگ بجھانے کے لیے الٹیرین فائر ٹینڈر متعارف کروائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے فائر فائیٹرز مختلف واقعات کے دوران زخمی اور بے ہوش بھی ہوئے لیکن ان کے بلند و بالا حوصلوں نے ان کے پیشے کو مزید تقویت بخشی اور یہی وجہ ہے کہ ریسکیو1122 کا اشارہ دیگر اداروں کے لیے مثال ہے۔ ریسکیو1122 اہلکار اپنا کام ایمانداری سے کررہے ہیں جس پر عوام الناس بھی ان کی تعریف کرتے ہیں،تقریب کے اختتام پر دوران ڈیوٹی شہید ہونے کی مغفرت اور زخمیوں کی بروقت صحتیابی کے لیے دعا کی گئی اور بہترین خدمات فراہم کرنے والے فائر فائیٹرز میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔











