لاہور، 06 مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے ملاقات کی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو فوڈ اتھارٹی کے معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں لوگوں کے ساتھ خوش اخلاقی کا رویہ اپنائیں لیکن اصولوں پر کوئی لچک نہ دکھائیں۔ انھوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کو صاف ستھری اور بیماری سے پاک اشیائے خورونوش کو یقینی بنائیں۔ سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے باہر ریڑھیوں اور سڑک کے کنارے چھوٹی دکانوں پر بکنے والی اشیائے خورونوش کے معیار کو بھی یقینی بنائیں۔ تاکہ عام لوگوں اور بچوں کو حفظان صحت کے مطابق اشیائے خورونوش مل سکیں۔ گورنر پنجاب نے ہدایت دی کہ یونیورسٹیوں اور کالجز کی کینٹینز اور میس( Mess) کی چیکنگ اور وہاں ملنے والی اشیائے خورونوش کے معیار پر خاص توجہ دیں۔ پنجاب فوڈ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر ہی عام عوام کو ملاوٹ سے پاک اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ راجہ جہانگیر انور نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام تک معیاری خوراک کی فراہمی اور فوڈ انڈسٹری میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔











