جوھرآباد،07مئی( اے پی پی): وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ملک شہادت اعوان نے کہا ہے کہ بار اور بینچ کے مثالی تعاون اور ہم آہنگی کے بغیر عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن نہیں ، پی ڈی ایم کی حکومت وکلاء کو مسائل کے گرداب سے نکالنے اور انہیں وکالت کے شعبہ میں سہولیات مہیا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جوہرآباد کو وفاقی حکومت کی طرف سے بیس لاکھ روپے کی گرانٹ کے چیک دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اپنے پیشہ کے تقاضوں کے مطابق آئین کی بالا دستی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا معزز ترین طبقہ اور عدالتی نظام کی بنیادی اکائی ہیں اور انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آزاد اور خود مختار ملک پاکستان ان کے شعبہ سے وابستہ عظیم قانون دان قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ، اس حوالے سے بھی وکلا ء پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی توانائیاں پاکستان کے استحکام کیلئے بروئے کار لائیں۔
وفاقی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ملک شہادت اعوان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار خوشاب کا شمار پنجاب کی بہترین بار میں ہوتا ہے ہے، یہ ان کا اپنا گھر ہے وہ ہر وقت آتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوہرآباد میں لا کالج کے قیام کیلئے اقدامات آخری مرحلہ میں ہیں اور انشاءاللہ جلد ہی یہاں لا کالج کاقیام عمل میں آئے گا۔
تقریب میں ملک شہادت اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے 20لاکھ روپے کا امدادی چیک ڈسٹرکٹ بار ایسوی ایشن جوہر آباد کے صدر ملک طاہر اعوان کے حوالے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بار کے صدر ملک طاہر اعوان، جنرل سیکرٹری عمران قادر اعوان ایڈووکیٹ اورپنجاب بار کونسل کے سابق رکن ملک حبیب نواز ٹوانہ ایڈووکیٹ نے امدادی چیک دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔











