ملتان،07 مئی(اے پی پی): پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں سپورٹس گالا کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں کرکٹ،رسہ کشی، والی بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور کیرم بورڈ کے دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے۔
مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 160 زیرتربیت کانسٹیبلان نے شرکت کی۔ کھیلوں میں شرکت کرنے والے زیر تربیت کانسٹیبلان میں سے مختلف کھیلوں میں اول آنے پر 12 کانسٹیبلان نے ونر ٹرافی، 12 کانسٹیبلان نے رنر اپ ٹرافی حاصل کی جبکہ 56 کانسٹیبلان کو نمایاں کارکردگی پر میڈل دیئے گئے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان ڈپٹی انسپکٹرجنرل آف پولیس گوہر مشتاق بھٹہ نے جیتنے والی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی اور رنر اپ ٹیم کو مقابلہ کرنے اور پُرعزم رہنےپر مبارکباد دی۔
کمانڈنٹ پولیس ٹرینینگ کالج ملتان نے اس موقع پر کہا کہ کھیلوں کے آباد میدان جوانوں کے صحت مند ہونے کی علامت ہیں،
سخت ڈیوٹی اور تربیت کے مراحل کےساتھ ساتھ سپورٹس کے جذبہ کو جوان رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل کسی بھی معاشرے میں تحریک اور زندگی کی علامت ہوتے ہیں، اس صحت مندانہ سرگرمی کے ذریعے نوجوانوں میں دوسروں سے آگے بڑھنے کی لگن پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل اور تفریح ایک ایسا طریقہ ہے جس سے نظم و ضبط برقرار رکھنے کا درس ملتا ہے اور اس سے احترام قانون بھی سیکھا جاتا ہے۔کھیل انسان میں قوت برداشت ، ضبط نفس، اتفاق اور اطاعت کا جذبہ پیدا کرتا ہے جبکہ ورزشی تفریح انسان کی کسالت دور کر کے اسے پھر سے تازہ دم کر دیتی ہے اور جس ورزش میں انسان فطری طور پرزیادہ دلچسپی لیتا ہے وہ کھیل ہے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی فیاض احمد سنپال ،ڈی ایس پی محمد اقبال لاشاری اور دیگر سٹاف نے زیر تربیت جوانوں کی حوصلہ افزائی کی انعامات حاصل کرنے والوں میں محمد ثاقب، آشان علی ، اورنگزیب ، جعفر خان، شیر خان، عبیدالرحمن، محمد نعیم حاکم و دیگر شامل ہیں۔











