اوکاڑہ،09مئی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات مربوط کاروائیوں اور توجہ کے طالب ہیں، ہمیں انتہائی ذمہ داری اور فرض شناس سے ڈینگی کے خاتمہ کے لئے کوشاں رہنا ہے تاکہ ہم اپنے لوگوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں، ویکٹر سرویلینس کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگاہی دینا اور طے شدہ ایس او پیز پر عملد ر آمد کے لئے اقدامات ازحد ضروری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے اجلاس میں غیر حاضر افسران کو جواب طلبی کے ساتھ ساتھ انسداد ڈینگی اقدامات میں مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرنے والوں کو شوکاز جاری کرنے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی جانب سے غیرذمہ دارانہ رویہ انسداد ڈینگی اقدامات میں بڑی رکاوٹ ثابت ہو سکتا ہے، ہمیں اپنی سرکاری ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرنا ہے جو ادارے انسداد ڈینگی کی کاروائیاں نہیں کر رہے وہ فوری طور پر اپنی کاروائیاں شروع کر کے طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہ کہا اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ضلع اوکاڑہ ڈینگی فری ہے، ہسپتالوں میں بھی انسداد ڈینگی وارڈ مکمل طور پر فعال ہیں، ہسپتالوں میں ڈینگی کی تشخیص اور علاج معالجہ کے لئے تمام سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے محکمہ ماحولیات ،محکمہ لیبر اور میونسپل کار پوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹائر مارکیٹوں،کباڑ خانوں، گوداموں پرگہری نظر رکھیں مارکیٹوں اور سرکاری دفاتر میں بھی ویکٹر سر ویلینس کا کام انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے سر انجام دیا جائے۔
اس موقع پر ڈسٹر کٹ انٹا مالوجسٹ حافظ محمد عبداللہ اور سی ڈی سی آفیسراصغرعلی نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات،ویکٹرسرو یلینس اور سرکاری اداروں کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرسیف اللہ وڑائچ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہیپتال ساؤتھ سٹی ڈاکٹرنویدحفیظ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی ڈاکٹر شبیراحمد چشتی اور تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان اور اراکین نے شرکت کی۔











