گلگت،10 مئی (اے پی پی): کرغزستان جمہوریہ کے وزیر ثقافت عبداللہ بیگ کی سربراہی میں 25 نامور شخصیات پر مشتمل نمائندہ وفد نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نامور تاجر زاہد جان جو کہ کرغستان ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں نے کیا تھا۔
وفد میں کرغزستان کے وزیر سیاحت،ثقافت عبداللہ بیگ، منسٹری آف کلچر کے پروفیسر آملہ بیگ،پاکستان میں کرغزستان سفارت خانہ کے کونسلر وسینڈ سیکرٹری سانزربیگ امانبائی سمیت ماہرین تعلیم، نیشنل اکیڈمی آف سائنسز آف کرغیز ریپبلک کے ممبران، تاریخ کے ماہرین، گلوکار، فنکار وغیرہ شامل تھے۔ یونیورسٹی پہنچنے پر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر عبدالحمید لون اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میر تعظیم اختر نے استقبال کیا۔
استقبال کے بعد وفد نے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی وتحقیقی امور سے متعلق وفد کو آگاہ کیا اور تعلیمی وتحقیقی حوالے سے دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی بین الاقوامی کا بنیادی مقصد اعلیٰ تعلیمی وتحقیقی اداروں کے ساتھ کام کرنا ہے جس کے تحت جامعہ مختلف بین الاقوامی تعلیم وتحقیقی اداروں کے ساتھ کام کررہی ہے۔
ملاقات کے بعد قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی مشرف ہال میں کرغزستان کے حوالے سے تصویری نمائش اور ثقافتی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں گلگت بلتستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ امجد حسین، اوورسیز کرغز ایسوسی ایشن کے چیئرمین و دیگر ممبران،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد،گلگت بلتستان کے سینئر صحافی حضرات سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تصویری نمائش اور ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرغزستان کے وزیر سیاحت عبداللہ بیگ،اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ امجد حسین اور وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک ثقافتی حوالے سے بہت زیادہ مماثلت رکھتے ہیں اور جغرافیائی حوالے سے بھی قریب ترین ہیں۔
اس موقع پر گلگت بلتستان کے نامور تاجر زاہد جان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان کے وسطی ایشائی ممالک سے تعلقات مضبوط ہوں۔ان ممالک سے مضبوط تعلقات سے پاکستان خصوصا گلگت بلتستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا ہے گلگت بلتستان میں 1 ہزار سے بھی کرغس کئی عشروں سے آ باد ہیں اور یہاں کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔
تقریب کے اختتام پر اپوزیشن لیڈر اور وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو کرغزستان کے وزیر سیاحت نے ثقافتی ٹوپی بطور تحفہ پیش کی جبکہ وائس چانسلر نے وفد کو یونیورسٹی کے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔











