لاہور،11مئی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں کا حوصلہ بڑھانے میدان میں، محسن نقوی نے آج الصبح لاہور شہر کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس جوانوں کی فرض سے لگن اور جذبے کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے پولیس جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب و لاہور پولیس کے بہادر اور جری جوانوں پر ناز ہے۔ آپ اپنے فرائض محنت اور پروفیشنل ازم سے سر انجام دے رہے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرائض سرانجام دینے والے پولیس جوانوں کو ہدایت کی کہ شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے اور شہریوں کے روزمرہ معمولات میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ آپ اسی طرح مزید ہمت سے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں، ہم سب اور قوم آپ کے ساتھ ہے۔











