ڈیرہ مراد جمالی،16 مئی(اے پی پی ): بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ریلی بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی کی قیادت میں نکالی گئی۔گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل قافلہ غفور آباد سے نکالا گیا جو کہ منجھوشوری،بالان شاخ اور بیدار سے ہوتا ہوا ڈیرہ مراد جمالی پہنچا جہاں پر پریس کلب کے سامنے ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں اور عمران نیازی کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے۔
شرکاء سے سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی،میر آصف لہڑی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ پاک فوج کو بدنام کرنے کی مذموم حرکت کی جس کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی عوام پاک فوج کے ساتھ اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔











