اسلام آباد،16مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے منگل کوپارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو پارلیمنٹ لاجز میں زیر تعمیر اضافی فیملی سویٹ پر سی ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے نیو پارلیمنٹ لاجز کی تعمیر میں لمبی تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور منصوبے میں تاخیر کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ نیو پارلیمنٹ لاجز کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا جو اب تک مکمل نہیں ہو سکا۔گزشتہ 13 سالوں سے منصوبے کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے،منصوبے کی تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے اراکین پارلیمنٹ کو رہائش کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پارلیمنٹ لاجز میں اضافی فیملی سویٹ کا منصوبہ پہلے سے ہی بہت تاخیر کا شکار ہوا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے سی ڈی اے کو منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور منصوبے کی تاخیر کے معاملات کو زیر غور لانے کے لیے اعلیٰ سطحی میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ میٹنگ میں چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین پی اے سی، وزیر خزانہ اور وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کو مدعو کیا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











