ٹوبہ ٹیک سنگھ ؛صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصرکا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

61

ٹوبہ ٹیک سنگھ ،16 مئی(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر  نے  ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اچانک  دورہ   کیااور ہسپتال میں ادویات کے معیار اور دستیابی سمیت صفائی ستھرائی کے نظام کا بطور خاص جائزہ لیا۔

ایم ایس ڈاکٹر الطاف حسین نے اس حوالے  سے نگران صوبائی وزیر صحت  کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ  3 ماہ کے دوران 47 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں اور گریڈ اپگریڈیشن  کی ہے۔

 صوبائی وزیر صحت پنجاب  ڈاکٹر جمال ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی 1 ہزار 45 ڈاکٹرز میرٹ پر بھرتی کیے جائیں  گے، پنجاب کے ہسپتالوں کو 200 ایمبولینس فراہم کی گئیں ہیں جبکہ بنیادی ہیلتھ یونٹس کو 3 سو الٹراساؤنڈ مشین فراہم کی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پولیس اور صحافی برادری کے لئے میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ  پنجاب کی 43 جیلوں میں 62 ہزار قیدیوں کی مکمل میڈیکل ٹیسٹ کیے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت پنجاب  نے  کہا کہ انسداد پولیو اور ڈینگی کے خاتمے پر نئی پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے جبکہ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مریضوں کو کوئی مشکل نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کادورہ کررہے ہیں، محکمہ صحت کی پہلی ترجیح سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔