پشاور،17مٸی(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی اور الخدمت فاونڈیشن کے برینڈ ایمبسڈر فخرالزمان اور سٹی میٸر مردان حمایت اللہ مایار کے ہمراہ مایار روڈ مردان میں 200یتیم بچوں کی کفالت کے لٸے آغوش ھوم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس کی تعمیر پر 16کروڑ روپے لاگت آٸے گی اور یہ منصوبہ دوسال میں مکمل کیا جاٸے۔
اس سلسلے میں ازھان کالونی مایار روڈ مردان میں آغوش ھوم کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کی گٸی جس کی صدارت سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کی ۔
تقریب سے الخدمت پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نےخطاب کرتے ہوٸے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن دکھی انسانیت کی بلاتفریق خدمت کا سب سے بڑا ملک گیر ادارہ ھے الخدمت کی فلاحی سرگرمیوں اور خاص طور پر زلزلہ، سیلاب، کورونا کی عالمی وباء اور دیگر قدرتی سانخات کے مواقعوں پر بلاتفریق خدمات کی پوری دنیا معترف ہیں انہوں نے کہا کہ الخدمت نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی خدمت انسانیت کے لٸے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ھے ترکی کی حالیہ تباہ کن زلزلہ کے بعد الخدمت کےسرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی گرانقدر خدمات پر ترکی حکومت کی جانب سے الخدمت کو نشان امتیاز دینا پوری پاکستانی قوم کے لٸے باعث فخر ھے۔
اس موقع پر سٹی میٸر مردان حمایت اللہ مایارا نے کہا کہ الخدمت بلاشبہ ملک کا سب سےبڑا فلاحی ادارہ ھے یہی وجہ ھے کہ ھم نے سٹی کونسل کی اجازت سے آغوش ھوم کے لٸے مایار روڈ پر واقع 20کنال اراضی الاٹ کردی ھے جس پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان والد کی شفقت سے محروم یتیم بچوں کی کفالت کے لٸے معیاری آغوش ھوم تعمیر کریں گی جس میں مردان اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے 200 یتیم بچوں کی بہترین کفالت کا انتظام ھوگا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی فخرزمان نے مردان میں آغوش ھوم کے قیام کو سراہتے ہوئے اپنی طرف سے اس عظیم منصوبہ میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوٸے کہا کہ اس کار خیر میں اہلیان مردان الخدمت کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ یتیم بچوں کی کفالت ہمارا ملی اور دینی فریضہ ھے جس کے لٸے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ھے۔
الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص، جماعت اسلامی کے صوباٸی جنرل سیکرٹری عبدالواسع، نگران صوباٸی وزیر خوراک شیراز اکرم باچا اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے آغوش ھوم کا قیام مردان کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے آغوش مردان میں الخدمت فاونڈیشن انشاء اللہ 200 یتیم بچوں کو مفت رہائش, تعلیم و دیگر سہولیات مہیا کرے گی ۔
اس موقع پر شرکاء کو آغوش ھوم مردان کے بارے میں بریفنگ دی گٸی اور معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کٸے گٸے۔
تقریب میں آغوش ھومز کے نیشنل چیرمین اٸرمارشل ریٹاٸرڈ فاروق حبیب،نگران صوباٸی وزیر خوراک شیراز اکرم باچا،الخدمت کے صوباٸی صدر خالدوقاص،جماعت اسلامی کے صوباٸی جنرل سیکرٹری عبدالواسع،ضلعی امیر غلام رسول، سابق صوباٸی وزیر فضل ربانی ایڈوکیٹ،جے آٸی یوتھ کے صوباٸی صدر میاں صہیب الدین کاکاخیل، سابق ممبر صوباٸی اسمبلی میاں نادر شاہ ، سابق سٹی ناظم مشتاق سیماب الخدمت کے ضلعی صدر تاج الملوک پریس کلب مردان کے صدر مسرت عاصی اور تاجر رہنماء عالمزیب خان ہوتی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قاٸدین اور معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔











