احمدپورشرقیہ ،17 مئی ( اےپی پی): پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم ہائپر ٹینشن منایا جا رہا ہے، اس حوالے سے قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور سے بہاول وِکٹوریہ ہسپتال تک آگاہی واک کی گئی ۔اس دن کو منانے کا مقصد ہائپر ٹینشن کی وجوہات جاننا اور اس سے بچاؤ کی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر شہادت حسین پروفیسر ڈاکٹر سرور خالد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں 17 مئی کو ہائپر ٹینشن سے متعلق آگاہی کے دن کے طور پر منایا جاتاہے، رواں سال یہ دن ہائی بلڈ پریشر کو درست چیک کریں، کنٹرول کریں اور لمبی زندگی جئیں کے سلوگن کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
پرنسپل قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے کہا کہ ہائپر ٹینشن بلند فشار خون کی ایک میڈیکل اصطلاح ہے۔ بلند فشار خون کے مسائل سے متعلق ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ اس کی کوئی ایک وجہ نہیں بلکہ مختلف وجوہات ہیں، یہ مرض تیزی سے 30 اور 40 سال کے درمیان عمر کے لوگوں میں بڑھ رہا ہے جس کی وجہ نیند کا پورا نہ ہونا اور خراب طرز زندگی ہے۔انہوں نے کہاکہ ذہنی تناؤ اور ورزش کی کمی آپ کو ہائپر ٹینشن میں مبتلا کرسکتی ہے، اس مرض سے بچنے کیلئے متوازن غذائیں اور بھرپور نیند لیں تاکہ دماغ کو آرام مل سکے۔











