کوئٹہ،23 مئی(اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہا ہے کہ بلوچستان کی اقلیتی برادری پاک افواج اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، 25مئی یوم تشکر شہدا کے حوالے سے اقلیتی برادری کی جانب سے ریلی نکالی جائے گی اور شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کر کے خصوصی دعاوں کا انعقاد کیا جائے گا،بلوچستان میں آباد اقلیتیں 9مئی کو آرمی تنصیبات پر حملے، قائداعظم ہاؤس اور دیگرتاریخی مقامات کو جلانے اورشہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشور داش، راج کمار، پادری ولسن فضل، پادری جمشید، پاسٹریعقوب، جسوندرداس،رتن بھگوانہ، ڈاکٹر جوسف سیمیل اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔خلیل جارج نے کہا کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت اربوں،کھربوں روپے لگاکر75سال سے جو نقصان ہمیں نہیں پہنچاسکا وہ پی ٹی آئی کے قائدین اور مسلح جتھوں نے کردکھایا اور پی ٹی آئی کارکنان نے فوجی تنصیبات، جناح ہاؤس، ریڈیو پاکستان اوردیگرسرکاری عمارتوں بلکہ ایمبولینسوں سے مریضوں کو نکال کر انہیں نذرآتش کیا یہ عمل نہ صرف قابل مذمت بلکہ قابل گرفت بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عسکری وسرکاری املاک پر حملوں میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جانی چاہئیں، انہیں گرفتار کرکے انہیں نشان عبرت بنایا جانا چاہئے تاکہ آئندہ کوئی بھی عسکری تنصیبات پرحملوں کا سوچ بھی نہ سکے۔
خلیل جارج نے کہا کہ آج پورا ملک پاک افواج اور پاکستان کی حرمت کیلئے اظہار یکجہتی کر رہا ہے، دشمن نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ پاک آرمی اورعوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جائیں لیکن دشمن کو ہمیشہ اس میں ناکامی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 25مئی یوم تشکر شہدا کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور 25مئی یوم تکریم شہدا کے موقع پر بلوچستان کی اقلیتی برادری ریلیوں کا انعقاد، شہدا کی یادمیں شمعیں روشن اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی جانون کے نذرانے دینے والی شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کی قربانیان کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، بلوچستان کی اقلیتیں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کو یقین دلاتی ہیں کہ پاکستانی عوام انہیں کبھی بھی نہیں بھولیں گی۔











