چنیوٹ، 29 مئی (اے پی پی ): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح چنیوٹ میں بھی پاک فوج کی حمایت میں ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری رہا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چئیرمین قیصر احمد شیخ نے اپنے ڈیرے سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور ریلی نکالی۔
ریلی کے شرکاء نے پاک فوج،آرمی چیف کے پلے کارڈ اور پنیافلیکس اٹھا رکھے تھے۔ پاک فوج کی حمایت میں نکالی گی ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزری جن میں مین بازار بھی شامل ہے،ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
قیصر احمد شیخ نے ریلی سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ایٹمی ملک ہے،اگر کوئی پارٹی ملک کو کمزور کرے وہ پارٹی نہیں ہے، ہمیں اپنے ملک سے محبت کر نی چاہئے، ہم 55 سال سے آپس میں لڑ کے دنیا کے آخری ممالک کی صف میں شامل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد ہمارا دشمن ملک بھارت خوش ہو ا ہے جسکی دفاعی بجٹ 83 ارب ڈالر سالانہ ہے جبکہ ہمارا دفاعی بجٹ صرف 9 ارب ڈالر ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک منصوبے کے تحت ملک کی دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا ہے ان کے خلاف کارروائی کر کے کڑی سزا دی جائے۔