اٹک؛یوم تکبیر کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر زیارت پارک میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام

6

اٹک، 29 مئی (اے پی پی):مسلم لیگ( ن)   کے زیر اہتمام یوم تکبیر کو شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ یوم  تکبیر کی  25 ویں سالگرہ کے موقع پر زیارت پارک   میں    رنگا رنگ پروقار تقریب   کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پی ایم ایل این پنجاب کے سینئر نائب صدر ، سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد تھے ۔

اس موقع پر  رنگا رنگ آتش بازی اور ملی نغموں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا،   تقریب میں بڑی سکرین پر چاغی میں ایٹمی دھماکوں ،  نواز شریف کے خطاب  اور ان کی جانب سے شیخ آفتاب احمد اور ان کے بیٹے شیخ سلیمان سرور کے بارے میں تاریخی الفاظ کی ادائیگی کی  دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ  قائد مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکہ کرکے پاکستان کو پہلی اٹیمی قوت بنایا اور اربوں ڈالر کی پیشکش اور دھمکیوں کو جوتی کی نوک پر رکھ کرامریکہ کوعملی طور پر ایبسلوٹلی ناٹ کہا ۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں محمد نواز شریف ، ڈاکٹر عبد القدیر خان کا نام ہمیشہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ۔

ڈاکٹر قدیر خان کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے ایٹمی دھماکوں پر مایہ ناز سائنسدان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کاش  انہیں ان کی زندگی میں اس کا صلہ دیا جاتا اور ان کی قدر کی جاتی  ۔ انہوں نے کہا کہ  نواز شریف اور ذوالفقار بھٹو کے نام بھی پاکستان  کی تاریخ میں سنہرے الفاظ سے درج ہوں گے جن کے اقدامات کی بدولت  پاکستان  کو دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

    تقریب میں لیگی رہنمائوں  شیخ سلمان سرور،شیخ محمد اجمل، شیر زمان ٹکر،  متحرک لیگی رہنما طلال بٹ ، شیخ ناصر محمود ، محمد سلیم شہزاد،افتخار ڈار، علی اصغر ، فوجی عبدالقیوم غورغشتی ، حاجی احسان خان ،ملک نعیم خان،   رفیق بھولا سمیت ضلع بھر سے مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران ، رہنماؤں اور اٹک شہر و چھچھ سے  کارکنوں کی  کثیر تعداد نے شرکت کی ۔