ہری پور،02 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے ہری پور کی تحصیل خانپور کے لئے نئے گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا ہے ۔ اس موقع پر گرڈ اسیٹشن کو چالو کیا گیا،اس کو خانپور کی عوام کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے تحفہ قرار دیا گیا جس پر عوام کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے تحصیل چیئرمین راجہ ہارون سکندر،سابق صوبائی وزیر راجہ فیصل زمان، سابق ایم این اے بابر نواز کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مرتضی جاوید عباسی نےنئے گرڈ اسیٹشن کے افتتاح پر اہلیان خانپور کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی مشکلات کے ازالہ کے لئے مسلم لیگ ن نے ہمیشہ بھر پور کردار ادا کیا ہے،مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اپنے دورہ اقتداد میں پاکستان میں وہ واحد ضلع ہری پور ہے جس کے 600 دیہات کو سوئی گیس کی فراہمی کی منظوری دی تھی ،اب بھی ہماری وفاقی حکومت ہزارہ سمیت ملک بھر کے عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 سال تک صوبے کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت رہی ہے مگر افسوس کے انہوں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اوراب انکا دور ختم ہو چکا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام خان نے کہا کہ جب سے وفاق میں ہماری حکومت آئی ہے سابقہ پی ٹی آئی کی حکومت کے گند کو صاف کر رہے ہیں،عمران خان کا دورسیاہ دور تھا جس میں کوئی بھی بڑا منصوبہ شروع نہیں ہو سکا ہے،ان کے دور میں ملک میں افرتفرای اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا گیاہے، مگر اب سیاہ دور کاخاتمہ ہو چکا ہے، عوام کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی حکومت اقدامات کر رہی ہے۔