لاہور، 02جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر لیسکو حافظ میاں محمد نعمان کی قیادت میں بورڈ ممبران کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں لیسکو لاہور کی مجموعی کارکردگی اور عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ عوام الناس کی خدمت اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور عام عوام کو ریلیف دینے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بورڈ ممبران کو ہدایت کی کہ صارفین کو بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات کو دور کیا جائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی شکایت کے حل کے لئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ لیسکو ملازمیں کو چاہئے کہ وہ صارفین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر لیسکو حافظ میاں محمد نعمان نے کہا کہ اب تک 5000 پانچ ہزار افراد کی شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں سے 7ارب روپے اور غیر سرکاری لوگوں سے 26 ارب کے واجبات وصول کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واسا ، ہسپتالوں اور جیلوں کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باوجود بجلی کی فراہمی کی ہدایات دی ہیں۔ اوور بلنگ کے تدارک کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔اس کے لئے تمام صارفین کو نئے ڈیجیٹل میٹر کی فراہمی کے لئے چائنہ کی کمپنی سے معاملات جلد طے پاجائیں گے۔صارفین 300روپے ماہانہ پر یہ میٹر حاصل کرسکیں گے۔70 ہزار کیس عدالتوں میں زیر التوا ہیں ان کیسوں کو جلد نمٹانے کے لئے لیسکو کے لیگل ڈیپارٹمنٹ کو از سر نو تشکیل دے دیا گیا ہے جبکہ نادہندہ پراپرٹیز کو مستقل بلیک لسٹ کیا جائے گا اور واجبات کی ادائیگی تک بجلی کی فراہمی منقطع رہے گی۔چیئرمین نے کہا کہ لیسکو لاہور کی حدود میں خراب ٹرانسفارمرز کو ٹھیک کرنے کے لئے چاروں اضلاع میں اپنی ورکشاپس کی تعمیر کا کام ماہ ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔وفد میں چیف ایگزیکٹو لیسکو شاھد حیدر ،بورڈ ممبران ڈاکٹر علی ایاز صادق مجاہد اسلام عمران گورایہ جہانزیب بدر شامل تھے۔











