جوہرآباد،04جون( اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کے تسلسل اور قومی مفاد میں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہی مذاکرات کو ترجیح دی ہے، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ملک و قوم کے مفاد ترقی و خوشحالی اور مسائل کا واحد ہال باہمی مذاکرات میں مضمر ہے۔
وہ جوہرآباد میں ملک حق نواز جوئیہ کی طرف سے ایک بڑی استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں افراتفری پھیلانے اور افواج پاکستان کی تنصیبات اور قومی اداروں کا جلاو گھیراو کرنے والے کسی طرح بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی معاملات کا پائیدار حل عوامی امنگوں کا محور و مرکز پارلیمنٹ کافورم ہے، انشاءاللہ عوام کے ووٹوں سے مستقبل میں پاکستان پیپلز پارٹی برسر اقتدار آئے گی اور وفاقی حکومت کیساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی اپنی حکومتیں قائم کرے گی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے سیاسی مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، خوشاب سمیت ملک بھر میں عوام نے بھٹو کی پیپلز پارٹی کا رخ کرنا شروع کردیا ہے اور انشاءاللہ مستقبل میں قائد بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم پاکستان ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو غریب عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور وہ عوامی طاقت کی علامت تھے، ان کا نظریہ جدوجہد اور قربانی لازوال ہے۔
بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی کو ایک بڑی عوامی ریلی کی صورت میں خوشاب لایا گیا جہاں پر انہوں نے لاری اڈا خوشاب پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن کمپین دفتر کا بھی افتتاح کیا۔
پرویز اشرف نے اپنے دورہ کے دوران کرم اباد( خوشاب ) میں بھی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ بعد ازاں حلقہ این اے 87 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک علی ساول اعوان کے فارم ہاؤس جوہرآباد پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھٹو ایک نظریہ اور فلسفے کا نام ہے، جس کے خاندان نے استحکام جمہوریت اور وطن عزیز کے دفاع اور قوم کے لئے قربانیاں دے کر ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی کی بالادستی کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور بااختیار بنایا، ملک کو پہلا متفقہ آٸین اور جوہری پروگرام دیا، پاکستان کو اسلامی دنیا کا مرکز بنایا اور پاک چین تعلقات کی بنیاد رکھی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کے فلسفہ سیاست اور جمہوریت پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ملک و قوم کو دفاعی لحاظ سے اور معاشی اعتبار سے مستحکم اور خودمختار بنایا جا سکے۔
عوامی اجتماع سے سابق سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، عبدالحمید دورانی، وفاقی وزیر مملکت تسنیم احمد قریشی، ضلعی صدر خوشاب ڈاکٹر نعیم صادق سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔











