وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس

55

کوئٹہ۔10جون  (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان و چئیرمین کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کیو ڈی اے کے جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق اہم فیصلے  کئے گئے۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے شاہینہ کاکڑ، اراکین صوبائی اسمبلی قادر نائل،  اختر حسین لانگو، احمد نواز بلوچ، سیکرٹری یو پی این ڈی منظور زہری، ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے مزمل حسین ہالیپوتو ، ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی عبدالجبار بلوچ اور اسٹیشن کمانڈر کوئٹہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے  شرکت  کی۔اجلاس کو ڈی جی کیو ڈی اے نے ایجنڈا پوائنٹس پر بریفنگ دی ،اجلاس میں تختانی ہاؤسنگ سکیم میں اسکول کے قیام کے منصوبے کی منظوری ، اور تختانی ہاؤسنگ سکیم میں پارک کے قیام کے منصوبے کی منظوری ، کیو ڈی اے کے 18 ہنگامی بنیادوں پر تعینات ہونے والے ملازمین کی مستقلی کا معاملہ دوبارہ بورڈ میں پیش کرنے کا فیصلہ ، کوئٹہ میں جوائنٹ وینچر کے ذریعے  فارمز ویلی کے منصوبے اور جوائنٹ وینچر کے تحت ہنہ بائی پاس کوئٹہ پر آرچرڈ کے منصوبے کو متعلقہ دستاویزات کی تصدیق سے مشروط کرنے کا فیصلہ ، کیو ڈی اے کی اراضی پر قائم نجی اسکول کے لیے تشکیل دی جانے والی رینٹ اسسمنٹ کمیٹی  کی سفارشات کے تحت رینٹ میں اضافہ سے متعلق فیصلہ  کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی سکول کی انتظامیہ کو باصلاحیت غریب بچوں کے داخلوں کے لئے نشستیں مختص کرنے کا پابند کیا جائے گا ،  گرلز ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن کے پلے گراونڈ کی اراضی کی لیزنگ کی منظوری ،مذکورہ اراضی پر کسی قسم کی تعمیرات نہیں کی جائے گی اور اسے خالصتاً  پلے گراونڈ کے مقصد کے لیے ہی استعمال کیا جائے گا ، کیو ڈی اے انکلیو میں پلاٹوں کی خرید و فروخت سے متعلق شرائط کی مجوزہ پالیسی کی بھی منظوری ،اجلاس میں آئرن اور ٹمبر ڈپو  کے نظرثانی شدہ نقشہ کی بھی منظوری ،اس اقدام کا مقصد تجاوزات کا خاتمہ ہے ،اجلاس میں شالکوٹ پولیس سٹیشن کی منتقلی اور نئی عمارت کے لئے فنڈز کی فراہمی  سمیت دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ ،اجلاس میں وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق سریاب اور کچلاک تحصیلوں کو کیو ڈی اے کے دائرہ کار میں لاکر شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کاجائزہ لیا گیا،  نئی آسامیوں کی تخلیق کی تجویز کو موخر کرتے ہوئے کیو ڈی اے کے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کے زریعہ ہی سریاب اور کچلاک میں سہولتیں فراہم کی جائیں ۔