بھکر، 13 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے ضلع میں کاشتکاروں کی سہولت کے لیے“ کسان بازار” کا افتتاح جھنگ موڑ روڈ پر ہوچکا ہوا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کا کہنا تھا کہ کسان بازاروں میں کھادیں، بیج اور زرعی ادویات رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات جھنگ موڑ پر قائم کردہ کسان بازار کے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ کسان بازار کا بنیادی مقصد تمام کمپنیوں کی زرعی مصنوعات کی ایک چھت تلےرعایتی نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی زرعی ادویات اور کھادیں فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔کاشتکار حضرات ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں اور زرعی مداخل و مشینری معیاری کمپنیوں کے ڈیلرز سے خریدیں۔ڈپٹی کمشنر کا مزید یہ کہنا تھا کہ کپاس کی بہتر منجمنٹ کے لیے کاٹن ایڈوائزری ایکسپرٹ گروپ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کاشتکاروں کی راہنمائی کرے گا۔ کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لیے بہتر مینجمنٹ بے حد ضروری ہے جس کے لیے زیادہ محنت و کاوش کی ضرورت ہے اور کہا کپاس کی جاری مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔











