سیالکوٹ۔13 جون (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلی سید محسن نقوی کی زیر نگرانی پانچ ماہ کے دوران صوبے میں گورننس کے نظام بہتری آئی ہے، ضلع سیالکوٹ میں ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے 11ارب روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، پراجیکٹ2045تک واٹر سپلائی، نکاسی آب سمیت ضروریات کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان کے ہمراہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ،پیسپ کے افسران نے بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پیسپ منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس لیا ہے، یقینی بنا رہے ہیں کہ تاخیر کازیادہ سے زیادہ ازالہ ممکن ہو سکے، سیالکوٹ میں نئے فلائی اوور منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، 18ماہ کا یہ پراجیکٹس سات سے آٹھ ماہ میں مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں،شہر خموشاں منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔نگران صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ یونین کونسل سے پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کے حوالے سے سرٹیفکیٹس کا بروقت اجراء شہریوں کو حق ہے اس مقصد کیلئے جلد آپکی بلدیہ ایپ لانچ کر دی جائے گی جس کی ہیلپ لائن 1198پر شہری اپنی معلومات درج کرائے گا اور اسے مطلوبہ کاغذات مل جائیں گے۔نگران صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سیالکوٹ کی ماسٹر پلاننگ کا عمل تیزی سے جاری ہے،متعلقہ افسران کوہدایت کی گئی ہے کہ انڈسٹری، زراعت، ہاوسنگ کی ضروریات کو مد نظررکھتے ہوئے زوننگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے شفاف طریقے سے صوبے کی مویشی منڈیوں کی نیلامی کی ہے، گزشتہ سال 370کروڑ کی جگہ 567کروڑ روپے میں نیلامی ہوئی ہے، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کوزیادہ وسائل اور بہتر مشینری فراہم کی جائے گی، لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا معیار بہتر بنانے کے ساتھ ماہانہ اخراجات 10کروڑ روپے تک کم ہوئے ہیں۔نگران صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں مفت آٹے کی فراہمی حکومت پنجاب کا اہم پراجیکٹ تھا، مستحق افراد کے لئے کیش سکیم شروع کر رہے ہیں۔











