بورے والا،14 جون (اے پی پی):کراچی کے ساحل پر آنے والے ممکنہ سمندری طوفان “بائپر جوائے” سے شہریوں اور واپڈا تنصیبات کو محفوظ رکھنے کے لئے میپکو وہاڑی کی تین ٹیموں کو میپکو حکام نے کراچی کے لئے روانہ کر دیا۔ٹیمیں واپڈا تنصیبات کی حفاظت، مرمت کے ساتھ ساتھ لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے میں بھی مدد کرے گی۔
ایس ای میپکووہاڑی ساجد حسین گوندل کی زیر نگرانی میپکو اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں کراچی کے ساحل پر آنے والے ممکنہ سمندری طوفان”بائپر جوائے”سے نمٹنے اور امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے کے لئے کراچی روانہ کردی گئی ہیں۔
ٹیم میں لائن سٹاف،ٹیکنیکل عملہ اور افسران بھی شامل ہیں ۔یہ ٹیم”کے ای” کے عملہ کے ساتھ مل کر برقی آلات اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔
ٹیم کی روانگی کے موقع پر ایس ای میپکو ساجد حسین گوندل کا کہنا تھا کہ میپکو کی ہدایت پر جانے والی ان ٹیموں کا مقصد ممکنہ سمندری طوفان کے پیش نظر “سیپکو” ملازمین سے ملکربرقی آلات اور تنصیبات کی حفاظت کے علاوہ ہنگامی حالات میں عوام کی خدمت کرنا ہے۔ممکنہ سمندری طوفان کے لئے میپکو اہلکاران کی کراچی روانگی سے ممکنہ ہنگامی حالات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں یہ اہلکار اپنا کردار ادا کریں گے۔











