نوشہرہ ورکاں،16 جون(اے پی پی):سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کے حکم پر تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو 24 گھنٹے فری ادویات فراہمی کے لیے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں ماڈل فارمیسی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر نے ہسپتال کا دورہ کیا اور ماڈل فارمیسی قائم کرنے کی ہدایت کی۔
ماڈل فارمیسی کے قیام سے مریضوں کو اب 24 گھنٹے ہسپتال میں موجود تمام ادویات مفت میسر ہونگیں، اس سے قبل ان ادویات کے حصول کا وقت دن دو بجے تک تھا۔
اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی خصوصاً غریب و مستحق مریضوں کے لیے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا حصہ ہے اور انہوں نے تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں عملہ کو اس نئی ہدایت پر سختی سے عمل کرنے کے لیے کہا ہے۔











