پانچ ملکی باسکٹ بال کپ میں پاکستان نے مالدیپ کو شکست دے دی

6

مالے (مالدیپ)، 17 جون(اے پی پی ): مالدیپ کے شہر مالے  میں جاری پانچ ملکی بین الاقوامی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے مالدیپ کو 65-63 پوائنٹس سے شکست دے کر میزبان ملک کوشکست دے دی ہے ۔

گرین شرٹس نے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے آغاز میں میزبان ٹیم کے خلاف دباؤ بڑھاتے رہے کیونکہ ہاف ٹائم میں پاکستان 40 پوائنٹس سے 34 پوائنٹس کی برتری پر تھا۔پاکستانی کھلاڑیوں کا شاندار دفاع دیکھنے میں آیا۔ میچ کے آخری لمحات میں گرین شرٹس نے 63 پوائنٹس کے مقابلے میں 65 پوائنٹس سے جیت کر اہم میچ جیت لیا۔ زین الحسن خان نے 22، ضیاء الرحمان نے 15 اور عماد احمد نے 13 پوائنٹس اسکور کرکے ٹیم پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

 پانچ ملکی بین الاقوامی باسکٹ بال چیمپئن شپ میں یہ پاکستان کی پہلی کامیابی ہے کیونکہ چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو نیپال کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیگ راؤنڈ کے تیسرے میچ میں گرین شرٹس کا مقابلہ بھوٹان سے ہوگا، پاکستان کے علاوہ میزبان مالدیپ، بنگلہ دیش، بھوٹان اور نیپال کی ٹیمیں سنگل لیگ راؤنڈ میں چیمپئن شپ ٹائٹل کی جنگ لڑ رہی ہیں جہاں سے ٹاپ فور ٹیمیں چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستانی باسکٹ بال ٹیم کی سات سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ کسی بین الاقوامی چیمپئن شپ میں شرکت ہوئی ہے ۔