لاہور،18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کے ہمراہ اتوار کے روز نارووال میں گیپکو کنسٹرکشن ڈویژن کے قیام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک نالائق شخص کو صادق و امین قرار دے کر ملک پر مسلط کردیا گیا، اس شخص نے ملک میں انتقامی کارروائیوں کا آغاز کرکے معیشت کو تباہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے تمام تر منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالیں اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم پاکستان میں گزشتہ حکومت کی جانب سے روکے جانے والے ترقی کے منصوبے دوبارہ بحال کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان میں ترقی کے منصوبوں پر کام کیا اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملک میں انتقامی کارروائیوں کے پاور ہاؤس لگا کر معیشت کو تباہ کر دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور میں ملکی معیشت کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارووال ڈسٹرکٹ کے اندر گیپکو کے کنسٹرکشن ڈویژن بنانے میں 14 کروڑ لاگت آئی ہے،اس کنسٹرکشن ڈویژن میں 117لوگ کام کریں گے جس سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ یقین رکھیں کہ جب بھی شیر آئے گا ترقی بھی لائے گا،آج پورے ملک میں بجلی کے کئی منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترقی کے ایسے کئی منصوبے جو غریب دشمن اور ترقی دشمن حکومت نے روکے ہوئے تھے ان منصوبوں کو شروع کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا۔خرم دستگیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں لوگ ملک جلانے والوں کو مسترد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے والوں سے جب اقتدار واپس لیا گیا تو انہوں نے جلاؤ گھیراؤ شروع کردیا مگر آج ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔











