مکہ مکرمہ، 20 جون(اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ حاجیوں کی اکثریت نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بات انہوں نے عمرہ کرنے کے بعداپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک عام حاجی کی طرح حج کرنے پہنچے ہیں اور کہا کہ جب حج آپریشن شروع ہو رہا تھا اس سے پہلے ایک پرائیویٹ کمپنی سے ایک پورٹل بنوایا تھا جس سے شکایت فوراً میرے پاس پہنچتی تھیں، ایک مہینے کے اندر تقریباً 15 ہزار کے قریب شکایات تھیں جن پر فوری طور پر عمل کرکے شکایت کو دور کرنے کی کوشش کی۔یہ پورٹل ابھی بھی فعال ہے اور 24 گھنٹے کے اندر اندر مخصوص پورٹل عازمین حج کی شکایات کے ازالہ کے لئے کام کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے پرائیویٹ آپریٹرز کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حج ختم ہونے کے بعد میں پرائیویٹ آپریٹرز کے حوالے سے بھی کمپلینٹ اسلام آباد میں کھولوں گا ، اس لئے وہ اپنی کمٹمنٹ حجاج کے ساتھ پوری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی سنگین شکایت آ گئی تو مجبوراً اس کو بلیک لسٹ کرنا پڑے گا ۔











