ڈیرہ غازی خان،21جون (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے بدھ کو پولیس ایجوکیٹرسکول ڈیرہ غازی خان کادورہ کیا۔اس موقع پر انہیں پرنسپل پولیس ایجوکیٹر سکول نے سکول میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بچوں کی تعلیم وتربیت، کوالیفائیڈ سٹاف کی خدمات و معیاری تعلیم کی فراہمی اور دیگر امور سے متعلق آر پی او کو بریفنگ دی ۔
آر پی او نے سکول میں جاری ترقیاتی کاموں کاجائزہ لے کر سکول کی اپ گریڈیشن کرنے ،اکیڈمک بلاک، سٹاف روم اور جدید کمپیوٹر لیب کی تعمیر کے احکامات جاری کیئے ۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل اور تعمیراتی مٹیریل کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
آر پی او سجاد حسن خان نے ہدایات جاری کیں کہ سکول میں بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے اور بچوں کی ذہنی نشونما کےلیے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو غیرنصابی سرگرمیاں ،تقریری مقابلے اور سپورٹس ایکٹوٹی کرائی جائے تاکہ بچوں کی بہتر ذہنی نشونما ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
آر پی او نے سکول کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مزید فول پروف اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔