وزیراعظم سے صدر اسلامی ترقیاتی بینک کی ملاقات،  جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

15

پیرس،23جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اسلامی ترقیاتی بینک  ( آئی ایس ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر سے۔ جمعہ کو ملاقات کی جس میں   پاکستان اور آئی ایس ڈی بی کے درمیان دیرینہ تعاون اور روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات فرانس میں منعقد ہونے والے نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے سربراہ اجلاس کے موقع پر  ہوئی۔ وزیراعظم اور صدر آئی ایس ڈی بی نے مختلف جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعاون کے نئے مواقع  پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان بارے بین الاقوامی کانفرنس میں آئی ایس ڈی بی کی شرکت پر  پاکستانی حکومت اور  عوام کی جانب سے ڈاکٹر الجاسر کا شکریہ ادا کیا۔   انہوں نے  کانفرنس  میں آئی ایس ڈی بی  کے پاکستان کی  سیلاب کے بعد بحالی میں معاونت کے لئے  4.2 ارب ڈالر کی فراہمی کے  اعلان کو سراہا۔انہوں  نے   اس فراخدلانہ مالی معاونت میں ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم  کیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ایس ڈی بی کی پاکستان کے ساتھ مفید  شراکت داری ملک کے عوام کو ان کی زندگیوں کی تعمیرنو اور  روزگار  میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد  کے حصول میں بھی معاون ہو گی۔

وزیر اعظم نے ڈاکٹر الجاسر کو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے کے لئے ون ونڈو حل فراہم کرنے کے لئے حال ہی میں تشکیل دی گئی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں بھی  بتایا۔وزیراعظم نے صدر آئی ایس ڈی بی کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔